کراچی: (دنیا نیوز) روشنیوں کے شہر کراچی میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے دکاندار کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈکیتی مزاحمت پر قتل کا واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سیکٹر ساڑھے گیارہ صدیق اکبر مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں مسلح ڈاکو موبائل کی دکان میں داخل ہوئے اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کر دی، دکاندار کی جانب سے روکنے کی کوشش پر ملزموں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا۔
واردات کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، مرنے والے شخص کی شناخت 35 سالہ یامین کے نام سے ہوئی ہے، ملزموں نے مقتول کو چہرے پر گولی ماری اور فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مقتول یامین موبائل کی دکان کا مالک تھا جسے گردن اور سینے پر گولیاں لگیں، قتل ذاتی رنجش کے بنا پر ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، واقعے کے وقت مقتول کا نوعمر بھانجا بھی دکان میں موجود تھا لیکن وہ محفوظ رہا۔