لاہور(دنیا نیوز) امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، پولیس نے مقدمہ میں نامزد ملزمان طیفی اور گوگی بٹ کا سفری ریکارڈ حاصل کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامزد ملزم گوگی بٹ کا بیرون ملک فراز ہونے کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے، طیفی بٹ 19 فروری کو اسلام آباد سے دوبئی روانہ ہوا، قاتل مظفر حسین کا پستول وقوعہ کے وقت شکیل بٹ نے اٹھا لیا، انویسٹی گیشن پولیس نے آلہ قتل شکیل بٹ سے برآمد کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر شکیل بٹ کو پولیس نے حراست میں نہیں لیا، عینی شاہد کے طور پر شامل تفتیش کیا ہے، حملے میں زخمی ہونے والے سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال بلا کے بیٹے کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے، زخمی عثمان اکبر کو ایک گولی جگر میں لگی جس کا آج ایک اور آپریشن بتایا گیا ہے۔
ادھر حملہ آور مظفر حسین کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی، مظفر حسین کی لاش اس کی موجودہ بیوی حلیمہ بی بی اور سابقہ بیوی پروین نے وصول کی۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ مظفر حسین کو اس کی بیوی حلیمہ بی بی نے میانوالی دفنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔