گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) والد کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے ملزموں نے 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
گوجرانوالہ کے علاقہ تتلے عالی پولیس کے مطابق تینوں افراد موٹرسائیکل پر جارہے تھے، گھات لگائے ملزموں رانا علی اور اس کے ساتھیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی، تینوں موقع پر ہی دم توڑ گئے، اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت نزاکت، صادق اور جمیل کے ناموں سے ہوئی ہے، مقتول نزاکت نے 21 سال قبل محمد علی کے والد کو قتل کیا تھا، نزاکت علی سزا بھگتنے کے بعد کچھ عرصہ پہلے ہی رہا ہو کر آیا تھا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزموں کے خلاف تفتیش شروع کر دی۔