رحیم یارخان: (دنیا نیوز) مقتول ٹیکسی ڈرائیور کی بہن کی ایک کال ریکارڈنگ سامنے آئی ہے جس میں وہ تاوان کا مطالبہ کرنے والے ڈاکوؤں سے بھائی کی زندگی کی بھیک مانگ رہی ہے۔
مقتول کی بہن کی آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ ڈاکوؤں سے فون پر بات کرنے کے دوران کہتی رہی کہ ان کے پاس کوئی رقم نہیں ہے، وہ پانچ گھروں میں کام کرکے بچوں کا پیٹ پالتی ہے تاہم ڈاکوؤں نے ان کی ایک نہ سنی اور ارشد محمود کو قتل کردیا۔
خاتون کا ایک ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ بھائی کو فیس بک کے ذریعے سستی کار فروخت کرنے کا جھانسہ دے کر صادق آباد بلا کر اغوا کر لیا گیا، اغوا کاروں نے مجھے فون کرکے 2 کروڑ تاوان طلب کیا، ڈاکوؤں نے کہا چاہے جو کچھ مرضی بیچو ہمیں 2 کروڑ تاوان بھیجو ورنہ تمہارے بھائی کو مار دیں گے۔
خاتون نے انکشاف کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے کسی قسم کا تعاون نہیں کیا جا رہا، درخواست اٹھا کر مارے مارے پھرتی رہی کسی نے ایک نہیں سنی، بھائی ہنس مکھ تھا کسی سے دشمنی نہیں تھی، مقتول کی بہن نے آرمی چیف سے ہاتھ جوڑ کر قاتلوں کی گرفتاری کی اپیل کی اور یہ کہتے ہوئے آبدیدہ ہوگئی کہ پانچ بچوں کو کون پالے گا؟۔
خیال رہے کہ کچے کے ڈاکوؤں نے تاوان نہ دینے پر 2 ہفتوں میں 3 مغوی افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے، تازہ واقعہ میں راولپنڈی کا ٹیکسی ڈرائیور ارشد محمود جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے جو سستی گاڑی کے جھانسے میں آکر راولپنڈی سے رحیم یار خان پہنچا تھا۔