نارنگ منڈی : ( دنیا نیوز ) پنجاب کے شہر نارنگ منڈی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران بین الاضلاعی ڈکیت ہلاک ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ( ڈی پی او ) زاہد نواز مروت نے بتایا کہ تھانہ نارنگ کے علاقہ آہدیاں روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران ساتھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بین الاضلاعی ڈکیت عابد ہلاک ہوگیا۔
زاہد نواز نے بتایا کہ نارنگ پولیس ڈکیت عابد کو برآمدگی کے لیے لے کر جا رہی تھی کہ موٹرسائیکل پر سوار اس کے ساتھیوں نے پولیس وین پر فائرنگ کر کے ساتھی ڈاکو کو چھڑوانے کی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ عابد ڈکیت کو تھانہ نارنگ پولیس نے درجنوں سنگین نوعیت کے مقدمات میں گرفتار کیا تھا اور وہ ڈکیتی، راہزنی اور چوری جیسے 50 کے قریب مقدمات میں مطلوب اور اشتہاری مجرم تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہلاک ڈاکو کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔