پنجاب بھر میں 70 روز کے دوران69 دہشتگردو شرپسند عناصرگرفتار ، رپورٹ جاری

Published On 01 April,2023 12:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب کی زیر قیادت پولیس ٹیمیں صوبہ بھر میں جرائم کے قلع قمع اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہیں ، گز شتہ 70 روز کے دوران ہونے والے پولیس آپریشنز اور گرفتاریوں کی رپورٹ جاری کی گئی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق قتل ، ڈکیتی ، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث 3ہزار 300 اشتہاریوں سمیت 21332 اشتہاری ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں ۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پولیس ٹیموں نے صوبہ بھر میں 965 ڈکیت گینگز کو گرفتار کرتے ہوئے تقریبا 72 کروڑ روپےسے زائد مال مسروقہ برآمد کیا ، مجرمان سے مختلف وارداتوں میں چھینی اور لوٹی گئی 118 گاڑیاں اور 1682موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں منشیات کے خلاف 7197 مقدمات درج کرکے 7344 ملزمان کو گرفتار جبکہ 3200 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کی گئیں۔

سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے 301 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 69 دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کو گرفتار کیا، سی ٹی ڈی پر فائرنگ کے واقعات میں 4 خطرناک دہشت گرد منطقی انجام کو پہنچے، ڈاکوؤں اور سماج دشمن عناصر نے پولیس پر 139 مرتبہ فائرنگ کی جس کے جواب میں 61 ڈاکووراہزن انجام کو پہنچے ۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مذکورہ واقعات میں 80 خطرناک ڈاکوؤں ، راہزن اور سماج دشمن عناصر کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا ، پولیس کے سماج دشمن عناصر سے مڈبھیڑ کے واقعات میں ایک پولیس جوان شہید جبکہ21 جوان زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس ٹیموں نے مجموعی طور پر صوبہ بھر میں مختلف جرائم میں مطلوب 62 ہزار سے زائد ملزموں کو گرفتار کیا ، پولیس نے 26989 واقعات کی ایف آئی آرز درج کیں جن میں ڈکیتی کی 121، راہزنی کی10289 جبکہ موٹر وہیکل چوری کی 16579 ایف آئی آرز شامل ہیں۔

آئی جی پنجاب کی جانب سے جرائم کے قلع قمع کیلئے سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی کا حکم دیا گیا ہے ۔