کراچی : (ویب ڈیسک ) پنجاب کے شہر رحیم یار خان سے نوکری کیلئے کراچی آنے والا نوجوان سٹریٹ کرمنل کی بھینٹ چڑھ گیا۔
پولیس کے مطابق نیو کراچی گبول ٹاؤن میں21 سالہ نوجوان ادریس کو ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران قتل کر ڈالا، مقتول کی چند ماہ بعد شادی بھی تھی ۔
پولیس کا بتانا ہے کہ مقتول محمد ادریس دوستوں کے ہمراہ ہوٹل پر کھانا کھا کر واپس گھر جارہا تھا کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار کم عمر ڈاکوؤں نے اسے روک لیا، ادریس نے موبائل فون نہیں دیا اور مزاحمت کے دوران ملزمان نے اس پر گولیاں برسادیں ۔
پولیس کے مطابق ملزمان اپنی موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوئے ہیں، مسروقہ موٹر سائیکل سہراب گوٹھ کے قریب سے چھینی گئی تھی۔
مقتول نیو کراچی صنعتی ایریا کی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور دو ماہ قبل ہی نوکری کے لیے رحیم یار خان سے کراچی آیا تھا ۔ پولیس کاکہناہے کہ مقتول کی نعش عباسی شہید ہسپتال میں قانونی کارروائی کے بعد آبائی علاقے روانہ کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔