گوجرانوالہ:( دنیا نیوز ) گوجرانوالہ میں مالکان کے مبینہ تشدد سے گھریلو ملازمہ کے جاں بحق ہونے کے معاملے پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوٹس لے لیا ۔
گوجرانوالہ پولیس حکام کے مطابق 12 سالہ گھریلو ملازمہ کی گھر سے پھندا لگی نعش برآمد ہوئی ہے جسے تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ملازمہ کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی نظر آ رہے ہیں تاہم پوسٹمارٹم میں موت کی وجہ سامنے آئے گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ، محسن نقوی نے کہا کہ ملزمان کو قانون کے تحت سخت سزا ملنی چاہیئے، کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان کی جلد از جلد دادرسی کی جائے، انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور انصاف کی مکمل فراہمی کی یقین دہانی کروائی ۔