کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی وارداتیں کم نہ ہوسکیں، محمود آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شہری جاں بحق جبکہ لانڈھی میں گھر کی دہلیز پر دو شہریوں کو لوٹ لیا گیا۔
کراچی کے علاقے محمود آباد اختر کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت خرم کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 107 سے تجاوز کر چکی ہے۔
دوسری جانب لانڈھی میں گھر کی دہلیز پر بیٹھے دو شہریوں کو موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے لوٹ لیا، فوٹیج میں شلوار قمیض میں ملبوس مسلح ملزمان کو شہریوں سے موبائل فون چھین کر فرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق پولیس ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پانے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔