دیپالپور: (دنیا نیوز) تھانہ سٹی کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ دو فرار ہوگئے۔
دیپالپور کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں ڈاکو شہری کے ساتھ واردات کر کے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس پارٹی سے آمنا سامنا ہوگیا، نامعلوم ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پراندھا دھند فائرنگ کر دی۔
پولیس پارٹی نے بھی حق حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کے دوران ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا اور دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے چھینی گئی موٹر سائیکل، ناجائز اسلحہ، نقدی اور موبائل فونز برآمد کر لیا گیا، فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے، ہلاک ڈاکو کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔