بہاولنگر: (دنیا نیوز) پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث 8 خطرناک ملزمان گرفتار کرلئے۔
بہاولنگر کے تھانہ بی ڈویژن نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا، پولیس تھانہ بی ڈویژن نے 3 مختلف گینگ کے 8 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
ڈی ایس پی صدر سرکل کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 8 لاکھ 86 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ، نقدی اور درجنوں موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں، گرفتار ملزمان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا ہے، ملزمان میں محمد وحید، شعیب، شان علی، محمد اعجاز، احمد فرید، محمد سلمان، محمد اکرم اور محمد عثمان شامل ہیں۔
ڈی ایس پی صدر بہاولنگر کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی اور راہزنی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں۔