کراچی: پولیس موبائل پر فائرنگ، بچوں کو آگ لگانے کے واقعات کے مقدمات درج

Published On 01 March,2022 03:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے فیڈرل بی صنعتی ایریا میں پولیس موبائل پر فائرنگ کامقدمہ درج کر لیا گیا۔ سہراب گوٹھ میں بیوہ خاتون کے مکان خالی نہ کرنے پر مالک مکان نے مبینہ طور پر اس کے بچوں کو آگ لگا دی، دونوں بچے دم توڑ گئے جبکہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا۔

کراچی میں گزشتہ روز فیڈرل بی صنعتی ایریا میں پولیس موبائل پر فائرنگ کامقدمہ درج کرلیا گیا۔ حملے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی اوراقدام قتل کی دفعات کے تحت فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق موقع سے پستول کے پانچ خول ملے، فارنزک کروایا جارہا ہے، دہشتگردوں نے موبائل کا تعاقب کر کے فائرنگ کی، ڈرائیور نے مسلح ملزم کو قریب آتا دیکھ کر موبائل تیز کر دی تھی، واقعہ کی سی سی ٹی وی میں معلوم ہوا کہ موبائل کا تعاقب کیا گیا۔

دوسری جانب سہراب گوٹھ کے علاقے جنت ٹاون میں مکان خالی نہ کرنے پر مبینہ طور پر بیوہ خاتون کے دو بچوں کو آگ لگادی گئی، واقعہ کا مقدمہ ماں کی مدعیت میں تھانہ سہراب گوٹھ میں قتل کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔ مقدمہ میں مالک مکان جنت گل اور اسکے بیٹوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ متاثرہ ماں نے بچے کی لاش کے ہمراہ کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج بھی کیا تھا۔ خاتون کے مطابق اس کے بچے بسوں میں پانی فروخت کرتے تھے، پچھلے مہینے بھی گھر خالی کرنے کا کہا گیا تھا۔ خالی نہ کرنے پر اس کے بچوں کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی، بچوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن دونوں دم توڑ گئے۔