کراچی:(دنیا نیوز)کورنگی کے علاقے میں گزشتہ رات ہونے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا،جاں بحق شہری نجی کمپنی کا ملازم تھا،گھر واپس جاتے ہوئے پولیس کی فائرنگ کا نشانہ بنا اورپولیس حکام نے غفلت برتنے پر تین اہلکاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔
کراچی میں ایک بار پھر غیر تربیت یافتہ پولیس اہلکاروں کا انکشاف،ایک اور پولیس مقابلہ جعلی نکلا،گزشتہ رات پولیس نے مہران ٹاؤن میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران ایک ڈاکو کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیاجو بعد میں جھوٹا نکلا ہے۔
مرنے والا شخص ڈاکو نہیں شہری تھا،مقتول واصف نجی الیکٹرونکس کمپنی کا ملازم تھا،کمپنی سے گھر واپس آیا تو گلی میں ہی پولیس اہلکاروں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا،پولیس اہلکاروں نے ڈاکو قرار دیکر معاملہ دبانے کی کوشش کی تو لواحقین نے احتجاج کیا۔
لواحقین نے کہا کہ اہلکار لاش کو ہسپتال پہنچانے کے بجائے تھانے لے گئے جہاں مقتول واصف دم توڑ گیا اگر بروقت ہسپتال پہنچایا جاتا تو مقتول کی زندگی بچائی جاسکتی تھی۔
لواحقین اور علاقہ مکینوں کے احتجاج کے بعد حکام کے نوٹس پر تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی نے واقعہ پر آئی جی سندھ کے خلاف مقدمہ درج کا مطالبہ کیا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتول کو انتہائی قریب سے ایک گولی لگی جو پیٹ سے سینے کی جانب آئی ،پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں قتل اور غفلت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔