کراچی میں جعلی نوٹوں کے ذریعے دھوکہ دہی میں ملوث بین الصوبائی گروہ گرفتار

Published On 17 June,2021 02:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں جعلی نوٹوں کے ذریعے دھوکہ دہی میں ملوث بین الصوبائی گروہ گرفتار کرلیا گیا، نوٹوں کی جعلسازی میں ملوث ملزمان نے کئی سادہ لوح افراد سے لاکھوں روپے فراڈ اور جعلسازی سے بٹورنے کا انکشاف کیا۔

کراچی میں بریگیڈ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لوگوں سے نوٹوں کی جعلسازی اور دھوکہ دہی میں ملوث خاتون اور دو مرد ملزمان گرفتار کر لیے، گرفتار ملزمان میں بشری بی بی زوجہ آصف ، اظہر ولد ولی اللہ اور نعیم ولد علی محمد شامل ہیں۔ ملزمان سے جعلسازی میں استعمال ہونے والا کیمیکل اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق اس سے قبل ملزمان پنجاب کے ضلع خانیوال اور کراچی میں کئی مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔ تصدیق کے لئے ملزمان کا کرمنل ریکارڈ معلوم کیا جا رہا ہے. پولیس کے مطابق اس گروہ کے ملزمان کی گرفتاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی موجود ہے۔ ملزمان نے کئی سادہ لوح افراد سے لاکھوں روپے فراڈ اور جعلسازی سے بٹورنے میں ملوث ہیں۔ ملزمان نے نوٹوں کی جعلسازی کا عملی مظاہرہ بھی کر کے دکھایا، ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔