مائرہ قتل کیس، مقتولہ کی سہیلی اقرا نے پولیس کو بیان ریکارڈ کروا دیا

Published On 18 May,2021 11:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) ڈیفنس میں قتل ہونے والی پاکستانی نژاد مائرہ کی سہیلی اقرا نے پولیس کو بیان ریکارڈ کروا دیا ہے۔

پاکستانی نژاد مائرہ اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی تھی جس کے بعد اس کے رشتہ دار کی مدعیت میں دو لڑکوں سعد اور ظاہر کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اب اس کی دوست جس کے ساتھ اس نے کرایہ پر گھر کیا ہوا تھا ، اقرا نے اپنا بیان سی آئی اے کو ریکارڈ کروایا ہے جس میں اس کا کہنا ہے کہ قتل کی رات مائرہ، سجل اور علی نامی دوست کے ساتھ کئی گھنٹے رہی اور سجل اور علی، مائرہ کو سحری کے وقت چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

اقرا کے مطابق مائرہ نانی کے گھر جانا چاہتی تھی لیکن سجل اسے ڈیفنس ہی رہنے پر اصرار کرتی رہی جس کے بعد سجل مائرہ کو چھوڑ کر گئی۔ بیان میں اس کا مزید کہنا تھا کہ ہم دونوں کافی دیر کمرے میں باتیں کرتے رہے اور صبح 4 بجے میں سونے گئے تو مائرہ نے اپنا کمرہ لاک کر لیا۔

اقرا کا کہنا تھا کل قتل کی رات لندن سے رانی نامی لڑکی اس سے کافی دیر تک باتیں کرتی رہی۔ مائرہ قتل کیس میں اقرا سمیت 3 افراد زیر حراست ہیں اور پولیس ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔