صحافی اجے لالوانی قتل کیس، عدالت کا چالان پیش نہ کرنے پر پولیس پر اظہار برہمی

Published On 17 May,2021 03:42 pm

سکھر: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے صحافی اجے لالوانی قتل کیس میں پولیس کی جانب سے چالان پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا،پولیس کو 31 مئی تک چالان پیش کرنے کی مہلت دے دی ،ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

سکھر ضلع کی تحصیل صالح پٹ میں قتل ہونے والے صحافی اجے لالوانی کے قتل کیس کی سماعت سکھرکی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہوئی۔ سماعت کے موقع پر پولیس نے قتل کیس میں نامزد رضا شاہ، جمیل شاہ، اکبر منگریو سمیت پانچ ملزمان کو عدالت میں پیش کیا تاہم کیس کا چالان پیش نہ کیا جس پر عدالت کے جج آنند رام نے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ لوگ نااہل ہو، اس لیے چالان پیش نہیں کررہے۔

سرکاری وکیل اور تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے حکومت کی جانب سے جے آئی ٹی بنائی گئی ہے جو تفتیش کررہی ہے اس لیے چالان پیش نہیں کیا جا سکا، چالان پیش کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔

عدالت نے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 31 مئی تک ملتوی کردی اور ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔