جيکب آباد: 2 گروپوں کی فائرنگ، کٹوہر برادری کے 6، جلبانی برادری کے 2 لوگ قتل

Published On 10 April,2021 11:23 am

جیکب آباد: (دنیا نیوز) جیکب آباد میں دو برادریوں میں پرانی دشمنی پر 6 افراد کو قتل کر دیا گیا، مقتولین کے ورثا نے جوابی کارروائی کر کے شہداد کوٹ میں دو افراد قتل کر دیا، دونوں گروپوں میں گزشتہ سال سے جاری خونی تصادم میں مارے گئے افراد کی تعداد 15 ہوگئی۔

دیرینہ دشمنی کی آگ نے معصوم بچوں سمیت کئی زندگیوں کو نگل لیا۔ جیکب آباد کے گاؤں قابل خان کٹوہر میں کٹوہر برادری کے 6 افراد کو قتل کر دیا گیا، مرنے والوں میں خاتون اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کر کے لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا۔

واقعے کے بعد بدلے کی آگ بڑھی تو مقتولین کے ورثا نے شہداد کوٹ میں مخالف جلبانی برادری کے دو افراد کو قتل کر دیا، ایک ہی روز میں خونی تصادم میں مارے گئے افراد کی تعداد 8 ہوگئی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے دونوں برادریوں میں گزشتہ سال اکتوبر سے شروع ہونے والی دشمنی پر پندرہ لوگ مارے جاچکے ہیں۔