فیصل آباد: (دنیا نیوز) ڈجکوٹ کے علاقے میں فائرنگ کر کے شہری کو موت کے گھاٹ اتارنے والے پٹرولنگ پولیس اہلکاروں کا عدالت نے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ڈجکوٹ پولیس کے حوالے کر دیا۔
فیصل آباد میں تھانہ ڈجکوٹ کے علاقے میں ناکے پر نہ رکنے پر پٹرولنگ پولیس اہلکاروں نے کار سواروں پر فائرنگ کر دی تھی جس سے کار سوار وقاص نامی نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ اسکے دیگر تین ساتھیوں نے بھاگ کر جان بچائی تھی۔
ڈجکوٹ پولیس نے گرفتار پٹرولنگ پولیس اہلکاروں کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے خصوصی جج شہزاد حسین نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ملزمان کو 14 روزہ ریمانڈ پر تھانہ ڈجکوٹ پولیس کے حوالے کر دیا۔ گرفتار ملزمان کو دوبارہ 17 فروری کو عدالت پیش کیا جائے گا۔