محکمہ خوراک کے نجی گوداموں، فلور ملز پر چھاپے، ڈیڑھ لاکھ سے زائد گندم کی بوریاں برآمد

Last Updated On 08 May,2020 03:38 pm

گھوٹکی: (دنیا نیوز) خفیہ اداروں کی نشاندہی پر محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے اور نجی گوداموں اور فلور ملز میں ذخیرہ کی گئی ڈیڈھ لاکھ سے زائد گندم کی بوریاں برآمد کر لی گئیں۔

ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کے حکم پر ضلع گھوٹکی میں محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ بھی حرکت میں آ گئی۔ خفیہ اداروں کی نشاندہی پر ڈہرکی میں محکمہ خوراک کی ٹیم اور ضلعی انتظامیہ نے فلور ملز اور نجی گوداموں پر چھاپے مار کر ڈیڑھ لاکھ سے زائد گندم کی بوریاں برآمد کر کے پانچ نجی گودام اور تین فلور ملز کو سیل کر دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر ڈہرکی رضوان نظیر کے مطابق برآمد کی گئی گندم کی بوریاں محکمہ خوراک کے سپرد کر دی گئی ہیں جبکہ ذخیرہ اندورزی کرنے والے فلور ملز اور نجی گودام کے مالکان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔