کراچی: ڈاکو شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے، پولیس ناکام

Last Updated On 23 January,2020 04:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں آزاد ڈاکو شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے۔ ایک ہی مقام پر رات گئے اور صبح سویرے ڈکیتی کی وارداتیں ہوئیں، سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے باوجود ملزمان تاحال گرفتار نہ کئے جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 2 میں سٹریٹ کریمنلز کی وارداتیں جاری ہیں۔ علاقے کی ایک ہی گلی میں رات کو الگ اور صبح کو الگ واردات ہوئی۔

پہلی واردات 22 جنوری کی شام 7 بجے ہوئی جہاں گھر کے باہر موجود شہری سے موبائل فون اور نقدی لوٹ لیا گیا۔ 23 جنوری کو صبح 8 بجے اس ہی گلی سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔

دونوں وارداتوں میں موٹر سائیکل سوار 4 ملزموں نے 2 موٹر سائیکلوں کا استعمال کیا۔ 24 گھنٹے کے دوران 2 ایک ہی مقام پر لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیجز منظر عام پر آنے کے باوجود ملزمان تاحال پولیس کی پہنچ سے دور ہیں۔