وفاقی تحقیقاتی ایجنسی میں جعلی بھرتیوں کے نام پر لوٹ مار کرنے والا گروہ بے نقاب

Last Updated On 23 January,2020 03:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی میں جعلی بھرتیوں کے نام پر لوٹ مار کرنے والا گروہ بے نقاب ہو گیا، گروہ کی جانب سے جعلی بھرتیوں کے لیے ایف آئی اے ہیڈکوارٹر استعمال کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ملزمان کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مکروہ دھندے میں ایف آئی اے کے دو اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ انٹیلی جنس بیورو کا ایک سابق اہلکار بھی ساتھی نکلا، گروہ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ہیڈ کوارٹرز کو اپنے دھندے کے لیے استعمال کرتا تھا۔ ملزمان کے خلاف درج مقدمے کے مطابق ایف آئی اے کے دو اہلکاروں سید فاروق حیدر اور شیخ محمود احمد جعلی بھرتیوں کے نام پر فراڈ میں ملوث ہیں، آئی بی کا سابق اہلکار سید یوسف رضا بھی اس مکروہ دھندے میں حصہ دار ہے۔ گروہ نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ کی جعلی بھرتی کے عوض دو شہریوں سے 26 لاکھ روپے ہتھیائے، دو امیدواروں کے جعلی ٹیسٹ اور انٹرویو بھی ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کی عمارت میں کئے گئے۔

جعلی مہریں اور افسران کے دستخط دستخط کیے گئے۔ فراڈ، اختیارات کا ناجائز استعمال اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔