کراچی: ڈکیتیاں کرنیوالا گینگ گرفتار، 27 لاکھ نقدی، 25 لاکھ کا سونا برآمد

Last Updated On 11 November,2019 04:37 pm

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتیاں کرنے والے گینگ کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ایسٹ اظفرمہیسر کا کہنا تھا کہ گلشن اقبال میں بڑی کارروائی کر کے گھروں میں ڈکیتیاں کرنیوالے گینگ کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، 7رکنی گینگ درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈکیت رات کو گھروں میں ڈکیتی کی واردات کرتا تھا، گینگ کا سرغنہ وسیم کمانڈو قتل میں بھی ملوث ہیں، ملزمان کے قبضے سے27 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔

اظفرمہیسر کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے 25 لاکھ کا سونا بھی برآمدہوا، ڈکیت گینگ سے دستی بم، چار پستول بھی پکڑے گئے۔ گرفتار ہونے والے وسیم کمانڈو کا تعلق ماضی میں متحدہ قومی موومنٹ حقیقی سے تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ گرفتار وسیم کمانڈو 12 سالہ بچی سمیت 10 افراد کے قتل میں ملوث ہے، ملزم پولیس پر حملوں میں بھی ملوث ہے۔