سکھر: گیارہ سالہ یتیم بچی کی شادی کی کوشش، دولہا اور لڑکی کی والدہ گرفتار

Last Updated On 10 November,2019 07:01 pm

سکھر: (دنیا نیوز) سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں غریب بیوہ خاتون سود اور قرضہ اتارنے کی خاطر اپنے جگر کا ٹکڑا فروخت کرنے پر مجبور ہوگئی۔

یتیم بچی ضمیراں کلہوڑو کی حبدار نامی شخص سے شادی کرائی جا رہی تھی جو پولیس نے ناکام بنا دی۔ پولیس کے مطابق دولہا اور لڑکی کی عمروں میں واضع فرق ہے۔ بچی کی بیوہ ماں نے سود کا قرضہ اتارنے کے لیے اسے دو لاکھ ساٹھ ہزار میں فروخت کیا۔ شادی کے لئے باقاعدہ حلف نامہ 8 نومبر کو تیار کرایا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق بچی کے والد شوکت علی کلہوڑو کا انتقال ہو چکا ہے۔ بچی کو لینے خیرپور سے بارات صالح پٹ پہنچی۔ دولہا کا تعلق خیرپور جبکہ لڑکی کا تعلق صالح پٹ سے ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے دولہا اور لڑکی کی والدہ کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق دلہن کو سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے مگر تاحال واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے۔ ایس ایچ او صالح پٹ کا کہنا ہے کہ جلد مقدمہ درج کر لیا جائے گا۔