کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے ڈی اے مارکیٹ میں گزشتہ روز امراض قلب کے ڈاکٹر حیدر عسکری کے قتل کے واقعے کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیجز منظر عام پر آگئی، فوٹیج میں فائرنگ کرنیوالے ملزمان کو دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں پینٹ شرٹ پہنے موٹر سائیکل سوار دونوں ملزموں کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ بائیک چلانے والے ملزم نے سیاہ ہیلمٹ پہن رکھا ہے، جبکہ فائرنگ کرنے والا دوسرا ملزم بغیر ہیلمیٹ پیچھے بیٹھا ہے۔ مقتول ڈاکٹر عسکری نے زخمی حالت میں کچھ فاصلہ تک گاڑی چلائی، فائرنگ ہوئی تو قریب سے گزرنے والی گاڑی کو راستہ تبدیل کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان واردات کے بعد با آسانی فرار ہوگئے۔
اس سے قبل آنے والی فوٹیج میں دو ملزمان کو گاڑی کو روکتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک ملزم گاڑی کے ایک جانب جبکہ دوسرا دوسری جانب موجود رہا۔ کار میں سوار ڈاکٹر حیدر عسکری نے گاڑی بھگانے کی کوشش کی لیکن ملزمان نے پیچھا کیا اور گولیاں چلا دیں۔