اسلام آباد: پولیس ناکے پر فائرنگ،2 پولیس اہلکار جاں بحق،ایک شدید زخمی

Last Updated On 22 August,2019 02:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں پولیس ناکے پر فائرنگ سے 2 اہلکار شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ آئی ٹین سبزی منڈی کے قریب پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے آئی ٹین سبزی منڈی کے قریب پولیس ناکے پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو اہلکار شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے کیرج فیکٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

نامعلوم موٹر سائیکل سوار فائرنگ کے بعد باآسانی موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں میں خرم اور ثقلین شامل ہیں جبکہ زخمی اہلکار کا نام جہانزیب بتایا جا رہا ہے۔