جلال پور: 2 گروپوں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہو گئی

Last Updated On 06 June,2019 10:12 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان کی تحصیل جلال پور پیر والا میں دو گروپوں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہو گئی۔

جلال پور پیر والا میں دو گروپوں کے خونی تصاد میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ایک گروپ کے 8 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر کئی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، علاقے میں کشیدگی کے باعث پولیس کی بھاری نفری موجود رہی۔

ادھر پولیس کی مدعیت میں 20 نامزد اور 5 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ 302، 7 اے ٹی اے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے 6 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ افسوس ناک واقعے اس وقت پیش آیا جب لوگ ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی مبارک باد دے رہے تھے۔

دو گروپوں میں ہونے والے خونی تصادم نے کئی افراد کو موت کی وادی میں اتار دیا۔ اندھا دھند فائرنگ سے متعدد لوگ زخمی بھی ہوئے، واقعے میں زخمی 16 افراد جلال پور پیر والا اور نشتر ہسپتال ملتان میں زیر علاج ہیں، ایک گروپ نے پولیس پر جانبداری کا الزام عائد کر دیا۔ آرپی او ملتان کا کہنا ہے کہ واقعہ دیرینہ دشمنی پر پیش آیا، پولیس کی لاپرواہی ثابت ہوئی تو کارروائی ہوگی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیکرآر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ملزمان کو قانون کے مطابق کٹہرے میں لایا جائے گا، انصاف کے تقاضے پورے کریں گے، ڈی ایس پی جلال پور پیر والا کو معطل کر دیا گیا ہے۔