وہاڑی: شوہر کا بھائیوں سے ملکر بیوی پر تشدد، بال اور بھنویں مونڈ ڈالیں

Last Updated On 31 May,2019 10:03 am

وہاڑی: (روزنامہ دنیا) وہاڑی میں شوہر نے بھائیوں کے ساتھ ملکر چھ بچوں کی ماں پر ظلم کی انتہا کرتے ہوئے روزہ دار خاتون کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے سر کے بال اور بھنوے بھی مونڈ ڈالے۔ متاثرہ خاتون انصاف کےلئے دھکے کھانے پر مجبور، متاثرین نے اہل علاقہ کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کیا۔

وہاڑی کے نواحی علاقے تھانہ لڈن کی حدود موضع باقر شاہ میں انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں پر امین، مظہر، اقبال، زمان وغیرہ نے چھ بچوں کی ماں شمشاد بی بی کو زمین نہ دینے پر روزے کی حالت میں کمرہ میں بند کرکے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

بااثر ملزمان نے روزہ دار خاتون کے سر کے بال اور بھنوے بھی مونڈ ڈالے اور کئی گھنٹے کمرہ میں بند رکھا۔ حالت غیر ہونے پر ملزمان خاتون کو چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے۔

ملزمان متاثرہ خاتون کی زمین اپنے نام کروا کر فروخت کرنا چاہتے تھے جسکا خاتون نے انکار کیا تھا۔ متاثرہ خاتون انصاف کے لئے دربدر کے دھکے کھانے پر مجبور ہے۔ بااثر ملزمان کے خلاف پولیس بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگی ہے۔

متاثرہ خاتون شمشاد بی بی کا کہنا ہے کہ تھانہ لڈن کے چکر لگا رہی ہوں لیکن پولیس مبینہ طور پر ملزمان کے ساتھ ساز باز کر چکی ہے۔ بااثر ملزمان تاحال پورے خاندان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ متاثرین نے اہل علاقہ کے ہمراہ بااثر ملزمان اور لڈن پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار، آر پی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی سے انصاف کی اپیل کی ہے۔