لاہور: (دنیا نیوز) انٹی نارکوٹکس فورس پنجاب نے تعلیمی اداروں کے گردونواح میں کریک ڈاؤن کے دوران ملتان، میانوالی، سیالکوٹ اور لاہور سے 2 خواتین سمیت 9 منشیات فروش گرفتار کر لئے۔
طلبا کی رگوں میں زہر انڈیلنے والے تعلیم دشمن ملزمان کو تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 4 کلو گرام منشیات برآمد ہوئی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے چرس، ہیروئن کے علاوہ کئی دوسری اقسام کی منشیات بھی برآمد ہوئیں۔ ملزمان کو ملتان، میانوالی، سیالکوٹ، اور لاہور کے تعلیمی اداروں کے گرد و نواح کی بستیوں سے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ملزمان میں 2 خواتین تسلیم مائی، نجمہ مائی کے علاوہ محمد تنویر، محمد لیاقت، محمد اشتیاق، محمد انور، عبدالستار، محمد ریاض اور غلام عباس شامل ہیں، ملزمان سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔