ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے ایک اور مریض جاں بحق، ورثا کا احتجاج

Last Updated On 23 April,2019 01:42 pm

خانیوال: (دنیا نیوز) خانیوال ڈسڑکٹ ہسپتال میں ڈاکٹر اور سٹاف کی مبینہ غفلت کی وجہ سے ایک اور مریض جاں بحق ہو گیا جس پر ورثا نے شدید احتجاج کیا، سٹور کیپر پر مریض کو دوائی نہ دینے کا مبینہ الزام لگا کر ایڈیشنل ایم ایس نے تھپڑ برسا دئیے۔

خانیوال بستی کوٹ دوست محمد کے رہائشی نوشاد کو ڈسڑکٹ ہستال میں دل کی تکلیف کی وجہ سے لایا گیا، ایمرجنسی وارڈ میں ڈاکٹر اور ہسپتال کے سٹاف نے اسے دو گھنٹے تک چیک نہ کیا اور مریض نے ورثاء کے سامنے تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔

ورثاء نے کہا کہ ہم دوائیاں لیکر ڈاکٹر اور سٹاف کے پیچھے پیچھے پھرتے رہے لیکن وہ ہمیں یہ کہہ کر ٹال دیتے کہ اب میری ڈیوٹی نہیں، ورثاء نے ڈاکٹر اور ہسپتال کے سٹاف کے خلاف احتجاج کیا جس پر ایم ایس ڈاکٹر سمیرا اور ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر عامر کھیڑا ایمرجنسی وارڈ میں پہنچ گئے۔

ڈاکٹر عامر کھیڑا نے ایم ایس کی موجودگی میں سٹور کیپر ظفر پر مریض کو مبینہ طور پر دوائی نہ دینے کا الزام لگا کر تھپڑ رسید کر دئیے اور پولیس تھانہ سٹی بلا کر سٹور کیپر ظفر اور دوسرے ڈسپنسر ندیم ملک کو گرفتار کروا دیا۔

ہستال انتظامیہ مریض کی ہلاکت کا معاملہ سٹور کیپر پر ڈالنے لگی جبکہ ورثاء کا کہنا ہے کہ ہم ڈاکٹر اور سٹاف نرسوں کے پیچھے پیچھے بھاگتے رہے لیکن انہوں نے ہمارے مریض کو چیک نہیں کیا، ورثاء نے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔