فیصل آباد: فوڈ اتھارٹی کا ایکشن، مضر صحت اشیاء سے لدے ٹرک تلف

Last Updated On 29 January,2019 07:15 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے پکڑی جانے والی مضر صحت اشیاء کے ٹرکوں کو مکوانہ میں تلف کیا گیا جہاں پر صوبائی وزیر خوارک سمیع اللہ اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن ریٹائرڈ عثمان بھی موجود تھے ۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ٹرکوں میں لوڈ 892 بوریوں میں موجود 50 ہزار کلو سے زائد ملاوٹی اشیاء تلف کی گئیں، ملاوٹی مال کو فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ڈمپنگ سائٹ پر تلف کیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق تلف کیے جانے والے ملاوٹی مال میں مرچ، مصالحہ جات، میدہ، نمکو سمیت سلانٹی اور مٹری ڈال بھی شامل تھی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر خوارک سمیع اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ مافیا کا خاتمہ سخت سزاوں اور ملاوٹی اشیاء کی تلفی کرنے سے ہی ممکن ہو گا جبکہ مافیا کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور انکے خلاف سزائیں مزید سخت کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن ریٹائر عثمان کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویجیلنس اور آپریشن ٹیمیں 3 شفٹوں میں کام کر رہی ہیں اور ملاوٹ فامیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کام ہو رہا ہے پورے پنجاب میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کاروائیاں جاری ہیں۔