کوٹ رادھا کشن میں دن دیہاڑے ڈکیتی، فائرنگ سے بچی سمیت 3 افراد زخمی

Last Updated On 27 January,2019 08:50 pm

کوٹ رادھا کشن: (دنیا نیوز) کوٹ رادھا کشن مرکزی بازار میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی وارادت، ڈاکو جیولری کی 2 دکانوں سے طلائی زیورات اور لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ فائرنگ سے گارڈ، راہ چلتی ہوئی بچی اور ایک عورت شدید زخمی ہو گئے۔

کوٹ رادھا کشن مین بازار میں شام 5 بجے آٹھ مسلح ڈاکو جیولری کی 2 دکانوں میں داخل ہوئے اور فائرنگ کرتے ہوئے لاکھوں روپے کے طلائی زیورات اور نقدی لے کر فرار ہونے لگے تو سیکورٹی گارڈ نے مزاحمت کی کوشش کی۔

ایک ڈاکو نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں گارڈ محمد اسحاق شدید زخمی ہو گیا جس کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جسے بعد ازاں لاہور ریفر کردیا گیا۔

واردات کے بعد ڈاکوؤں نے بازار میں اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں ایک 7 سالہ بچی اور ایک خاتون شدید زخمی ہو گئیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دن دیہاڑے ڈکیتی کی اس واردات سے علاقے میں شدید خوف وہراس پیدا ہو گیا اور تاجر برادری نے اپنی دکانیں بند کر دیں۔ پولیس اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے جائے واردات پر ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچی۔