کراچی: ایک ہفتے کے دوران 20 کروڑ مالیت کی کوکین ضبط

Last Updated On 17 December,2018 12:21 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) سال نو کی آمد سے قبل کوکین پاؤڈر کی سمگلنگ بڑھ گئی، کراچی ایئرپورٹ پر ایک ہفتے کے دوران تین کارروائیوں میں 20 کروڑ سے زائد مالیت کا کوکین پاؤڈر ضبط کر کے دو غیر ملکیوں سمیت تین افراد کو گرفتار کیا گیا۔

دبئی اور قطر ایئر پورٹس پر موجود جدید سکیننگ مشینوں سے گزر کر پاکستان آنے والے سمگلروں کو کراچی ایئر پورٹ پر تعینات کسٹم کے عملے نے پکڑ لیا۔ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں رواں برس کوکین پاؤڈر کی ملک بھر میں کسی بھی ایئرپورٹ سے کلیئر کرانے کی اس سے بڑی کوشش نہیں ہوئی۔

کراچی ایئر پورٹ پر تعینات کسٹم کے عملے نے گزشتہ ہفتے میں تین مختلف بین الاقوامی پروازوں سے پاکستان آنے والے تین مسافروں سے 9 کلو گرام کوکین پاؤڈر ضبط کیا ہے جس کی مالیت 20 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سال نو کی تقریبات سے قبل ملک میں کوکین پاؤڈر کی سمگلنگ بڑھی ہے جس کے لیے سمگلنگ میں ملوث مافیا فضائی، زمینی اور سمندری راستے کا استعمال کر رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کولمبیا اور میکسیکو سے آنے والے کوکین پاؤڈر کو بآسانی چسپاں کیا جاسکتا ہے، اس لیے اسے مختلف ڈبوں یا بیگز میں خفیہ طریقے سے چھپایا جاتا ہے اس لیے یہ سکیننگ کے دوران جدید مشینوں سے بھی نکل جاتا ہے۔ کراچی ایئرپورٹ پر حالیہ تینوں وارداتوں میں سمگلرز دبئی اور قطر (دوحہ) ایئر پورٹس پر نصب کی گئی جدید سکیننگ مشینوں سے گزر کر آئے لیکن کراچی ایئرپورٹ پر سکیننگ پر موجود کسٹم کے عملے نے سمگلروں کے سامان سے کوکین پاؤڈر برآمد کر لیا۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ کوکین پاؤڈر کو بآسانی چھپایا جاسکتا ہے اور کراچی ایئر پورٹ پر حالیہ وارداتوں میں سمگلروں نے کوکین پاؤڈر کپڑے کے بیگز میں اس طرح چسپاں کیا تھا کہ نہ وہ سکیننگ مشین میں آیا اور بظاہر دیکھنے میں بھی اس کا معلوم نہیں ہو سکتا تھا، تاہم کسٹم کے عملے نے کپڑوں کے بیگز کو مکمل خالی کر کے جب ان کا وزن کیا تو کپڑوں کے بیگز خلاف معمول زیادہ وزن کے معلوم ہوئے جس پر ان بیگز کو اُدھیڑا گیا تو ان میں سے کوکین پاؤڈر برآمد ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر چار سال قبل ایک مسافر سے بڑی مقدار میں منشیات پکڑی گئی تھی جب کہ اس طریقے سے کراچی ایئرپورٹ پر یہ پہلی واردات ہے جس میں بڑی مقدار میں کوکین پاؤڈر پاکستان میں لانے کی کوشش کی گئی ہے۔ کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ملک بھر کے کسی بھی ایئرپورٹ پر اتنی بھاری مالیت کی کوکین سمگل کرنے کی کوشش نہیں ہوئی۔