کراچی میں میٹرک کی طالبہ اغوا، والد کا منہ بولا بھانجا بھی غائب

Last Updated On 17 December,2018 10:48 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈرگ روڈ کینٹ بازار کی رہائشی میٹرک کی طالبہ مبینہ طور پر اغوا ہو گئی، اہل خانہ نے مقدمہ درج کرا دیا۔ والد کے منہ بولے بھانجے راجیش پر اغوا کرنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آٹھ دسمبرکوسکول کے میلے میں جانے والی اینجئیل سیمسن تاحال گھرنہ لوٹ سکی۔ اہل خانہ نے لڑکی کے مبینہ اغوا کا مقدمہ شارع فیصل تھانے میں درج کرادیا۔ ایف آئی آر کے مطابق شبہ ہے مغویہ کو والد کے منہ بولے بھانجے راجیش نے اغواکیا ہے۔

واقعہ کے بعد راجیش سیموئل بھی لاپتہ ہے۔ اینجئیل سیمسن اپنے والد کا موبائل فون ساتھ لے کرگئی تھی جو مسلسل بند جا رہا ہے۔ اہل خانہ کے مطابق 8 دسمبرکو ڈرگ روڈ پر لاپتہ ہونے والی طالبہ کے سکول میں میلہ تھا۔ مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔