کراچی: گھر کی تعمیر کیلئے پولیس کی رشوت طلب کرنے کی فوٹیج منظر عام پر

Last Updated On 30 November,2018 09:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس تھانوں اور چوراہوں پر شہریوں سے رشوت طلب کرنے کے بعد اب گھروں کی تعمیر کیلئے بھی بھتہ طلب کرنے لگی۔ جوہر موڑ کے قریب زیرتعمیر گھر کے سامنے سے بھتہ طلب کرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کر لی۔

مہنگائی کے اس دور میں گھر بنانا جہاں کسی خواب سے کم نہیں وہاں اب شہریوں کو تعمیراتی اخراجات میں پولیس کیلئے "بھتہ بجٹ" بھی شامل کرنا پڑے گا۔ گھر کی تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار سے بھتہ طلب کرنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب کراچی کے شاہراہ فیصل تھانے میں تعینات پولیس اہلکاروں کا جوہر موڑ کے قریب گزر ہوا تو گھر تعمیر ہوتا دیکھ کر رک گئے۔ ٹھیکیدار کو نہ پا کر شہریوں پر کار سرکار کی مصروفیت کا رعب جھاڑنے والوں نے آدھا گھنٹہ انتظار کرنا بھی گوارا کر لیا۔ ٹھیکیدار کی آمد پر بھتہ وصول کیا اور "عوامی خدمت" کا فریضہ انجام دے کر واپس روانہ ہو گئے۔

کراچی میں بھتہ خوروں کے بعد پولیس کی رشوت خوری نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ اہلیان علاقہ نے اعلی حکام سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔