ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان سٹی کے گنجان آباد محلوں کے 10 نوجوان پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے، پولیس اور حساس ادارے نوجوانوں کو تلاش کر رہے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان اندرون شہر کے محلہ حیات اللہ، چمن چوک اور چھوٹے بازار کے رہائشی 10 نوجوان لڑکے گزری عید کے دوسرے دن سے غائب ہیں، لاپتہ ہونے والے لڑکوں کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ سٹی پولیس کو مختلف اوقات میں لڑکوں کی گمشدگی بارے ملنے والی درخواستوں سے پتہ چلتا ہے کہ ان تمام لڑکوں کی گمشدگی کا وقت ایک ہی ہے بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ 10 نوجوان لڑکے ایک ساتھ نکلے ہیں، انہیں کسی نے اغواء نہیں کیا۔
خاندانی ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق ان لڑکوں کو آخری بارایف آر ڈیرہ کے تفریحی مقام داناسر میں دیکھا گیا، گم ہونے والے تمام لڑکوں کے شناختی کارڈ گھروں میں ہیں اور وہ کپڑوں اور پیسوں کے بغیر ہی کہیں نکل کھڑے ہوئے ہیں۔