راولپنڈی پولیس نے قتل اور اغواء کے ملزمان کو گرفتار کر لیا

Last Updated On 27 May,2018 05:58 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) دو روز قبل راولپنڈی کے تھانہ صادق کے علاقے سے اغواء ہونے والے ذیشان کی لاش پولیس نے برآمد کرلی، جبکہ اغواء قتل اور تاوان میں ملوث تینوں ملزمان نیو ٹاؤن پولیس نے گرفتار کرلیے۔

راولپنڈی پولیس نے قتل اور اغواء برائے تاوان کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان آکاش، موسی اور نعمان نے اپنے محلے دار ذیشان کو صادق آباد کے علاقہ سے تاوان کے لیے اغواء کیا تھا۔ ملزمان نے ورثا سے 16 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ ملزمان نے ذیشان کے لواحقین کو تھانہ نیو ٹاون کی حدود میں واقع گورنمنٹ ڈگری کالج میں بلا کر تاوان وصول کیا۔

ملزمان کو تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے تاوان وصول کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ گرفتاری کے بعد ملزمان نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ ذیشان کو گزشتہ رات قتل کردیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر مقتول ذیشان کی لاش برآمد کرلی ہے، جبکہ ملزمان کے خلاف تاوان اغوا اور قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔