لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپرلیگ سیزن 10 کے 14 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔
پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کی جانب سے ملنے والا 130 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، بابر اعظم 56 رنز اور حسین طلعت 51 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔
قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 129 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔
قلندرز کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا ثابت نہ ہوسکا اور اسکی آدھی ٹیم پاور پلے میں ہی پویلین لوٹ گئی، فخر زمان 10، سیم بلنگز 9، آصف علی 5، ڈیرل مچل 2 اور عبداللّٰہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
تاہم ایسے میں آل راؤنڈر سکندر رضا نے اپنی ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالنے میں کلیدی کردار اداکا کیا، انہوں نے 30 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 52 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
انہوں نے پہلے 16 رنز بنانے والے شاہین آفریدی، پھر 13 رنز بنانے والے رشد حسین، پھر 10 رنز بنانے والے حارث رؤف کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 100 کے پار پہنچایا۔
9ویں وکٹ پر سکندر رضا اور آصف آفریدی کے درمیان 25 رنز کی اہم پارٹنر شپ نے قلندرز کو 129 تک پہنچایا۔
پشاور زلمی کی جانب سے الزاری جوزف نے 3، لیوک ووڈ اور حسین طلعت نے 2،2 جبکہ علی اور عارف یعقوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔