پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو ہراکر مسلسل چوتھی فتح سمیٹ لی

Published On 20 April,2025 08:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سپرلیگ سیزن 10 کے دسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کا ہدف18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے 47 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، صاحبزادہ فرحان 30 اور اعظم خان 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، کولن منرو 4 رنز ہی بنا سکے جبکہ محمد نواز 8 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 2 جبکہ عباس آفریدی اور محمد نبی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں ہونیوالے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔ 

کراچی کنگز کی جانب سے ٹم سائفرٹ 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، سعد بیگ 20 جبکہ خوشدل شاہ 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کنگز کے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

کپتان ڈیوڈ وارنر 3، جیمز وینس 4، عرفان خان 5 اور عامر جمال 7 رنز بنا کرچلتے بنے جبکہ عباس آفریدی 24 اور محمد نبی 7 سکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ، جیسن ہولڈر اور کپتان شاداب خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔