چیمپئنز ٹرافی: صائم کے فٹ نہ ہونے پر متبادل کھلاڑی لینے کا فیصلہ

Published On 21 January,2025 09:54 am

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان ون ڈے سکواڈ کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورت جاری ہے، صائم کے فٹ نہ ہونے پر متبادل کھلاڑی کو لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان ٹیم نے سہ فریقی سیریز میں حصہ لینا ہے، صائم ایوب کے فٹ نہ ہونے کی صورت میں سلیکٹرز نے متبادل کا فیصلہ کر لیا، صائم ایوب کا فیصلہ ہو گیا تو سہ فریقی سیریز کی ٹیم ہی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم ہو گی۔

چیمپئنز ٹرافی کے سکواڈ سے آؤٹ آف فارم عبداللہ شفیق اور عثمان خان کے ڈراپ ہونے کا امکان ہے، فخر زمان کی سکواڈ میں شمولیت یقینی ہے جبکہ امام الحق اور حسیب اللہ کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

محمد رضوان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، طیب طاہر اور عرفان خان نیازی کی سکواڈ میں شمولیت کا امکان ہے جبکہ محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین آفریدی، حارث رؤف، کامران غلام، ابرار احمد اور سفیان مقیم بھی سکواڈ کا حصہ ہو سکتے ہیں۔

پاکستان کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی کی تمام ٹیموں نے سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے جبکہ پاکستان بھی آئی سی سی کو ابتدائی سکواڈ کے نام بھجوا چکا ہے۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے 11 فروری تک حتمی سکواڈ کا لازمی اعلان کرنا ہے جبکہ پاکستان، جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو ہو گا۔