دبئی: (دنیا نیوز) انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 282 رنز کا ہدف دیدیا۔
دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کے اوپنرز نے بھارت کیخلاف سست آغاز فراہم کیا تاہم بغیر کسی نقصان پہلی وکٹ کی شراکت میں 160 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، عثمان 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
تیسری وکٹ کی شراکت میں محمد ریاض اللہ اور شاہ زیب خان نے 71 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی لیکن ریاض 27 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
پاکستان کی جانب شاہ زیب خان نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 159 رنز بنائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں ہارون ارشد محض 3، نوید احمد خان اور کپتان سعد بیگ 4، 4 جبکہ فرحان یوسف صفر پر پویلین روانہ ہوئے، فہام الحق 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بھارت کی جانب سے سمرتھ ناگراج نے 3، آیوش مہاترے نے 2 جبکہ کرن چورملے نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان سعد بیگ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بھارت کا سکواڈ
بھارتی سکواڈ میں کپتان آندرے سدھارتھ، آیوش مہاترے، ویبھو سوریاونشی، محمد امان، ہرونش پنگالیا، نکھل کمار، کرن چورملے، ہاردک راج، محمد عنان، سمرتھ ناگراج، یودھاجیت گوہا شامل ہیں۔
پاکستان کا سکواڈ
قومی ٹیم میں کپتان سعد بیگ، عثمان خان، شاہ زیب خان، فرحان یوسف، فہام الحق، محمد ریاض اللہ، ہارون ارشد، عبدالسبحان، علی رضا، عمر زیب، نوید احمد خان شامل ہیں۔