لاہور: (دنیا نیوز) چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہو گی یا نہیں؟ اس حوالے سے فیصلہ نہ ہو سکا، آئی سی سی کا اجلاس آج دوبارہ ہوگا۔
آئی سی سی کا چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے فیصلے کے لیے گزشتہ روز ہونے والے اہم اجلاس کے آغاز میں بورڈز کو پیش رفت سے آگاہ کیا گیا اور کچھ ہی دیر بعد اجلاس ملتوی کردیا گیا۔
آئی سی سی نے اہم بورڈ اجلاس میں خصوصی ہائبرڈ ماڈل کے تحت پیشکش کی ہے کہ بھارت پاکستان جائے نہ پاکستان بھارت جاکر کھیلے، پاکستان ہائبر ماڈل پر نہ مانا تو ایونٹ سری لنکا منتقل کرنے کا آپشن موجود ہے۔
یاد رہے کہ ایونٹ کی میزبانی کے فرائض پاکستان کے سپرد ہیں تاہم بھارتی انکار کے بعد آئی سی سی کے پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل کو چیئرمین پی سی بی اور حکومت نے ماننے سے صاف انکار کرتے ہوئے دوٹوک پیغام دیا ہےکہ فیصلہ برابری کی بنیاد پر ہوگا۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ اگر بھارت کو کسی قسم کا فائدہ پہنچایا گیا تو پاکستانی ٹیم آئندہ ایونٹس میں روایتی حریف کے خلاف کسی بھی میدان میں کھیلنے کے لیے نہیں اترے گی۔
واضح رہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو میٹنگ سے پہلے کوئی قابل قبول فارمولہ بنانے کا بول دیا، قابل قبول فارمولہ بنایا جائے تاکہ چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد میں تمام ممبران کی شرکت یقینی بنائی جاسکے۔
دوسری جانب براڈ کاسٹرز کی جانب سے شیڈول کے لیے دی گئی ڈیڈلائن بھی ختم ہوچکی ہے، دونوں ممالک کے درمیان ڈیڈلاک کی وجہ سے معاملات بورڈ ممبرز کی ووٹنگ کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔