لاہور:(ویب ڈیسک ) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 30 اگست سے 3 ستمبر کے دوران کراچی میں منعقد دوسرا ٹیسٹ میچ تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں ٹیموں کے دوران دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے 3 ستمبر تک نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں ہوگا، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاری کے لیے تعمیراتی کام کی وجہ سے یہ مشکل فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ اپنے قابل قدر شائقین کی قدر کرتے ہیں لیکن ان کی صحت اور حفاظت ہمارے لیے اہم ہے، یہ تعمیراتی کام آئی سی سی چیمپینزٹرافی کے لیے سٹیڈیم کو بہترین سہولتوں میں لانے کے لیے ہے۔
پی سی بی نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کی ٹکٹوں کی فروخت معطل کردی گئی ہے، جن لوگوں نے ٹکٹ خرید لیے ہیں، ان کی رقم انہیں واپس کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پہنچی تھی، ٹیم کو سخت سکیورٹی میں نجی ہوٹل پہنچایا گیا تھا۔