گیانا: (دنیا نیوز) آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں افغانستان نے یوگنڈا کو 125رنز سے شکست دے دی۔
گروپ سی کی دونوں ٹیمیں گیانا کے پروویڈنس کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے تھیں جہاں یوگنڈا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں افغانستان نے یوگنڈا کو جیت کیلئے 184 رنز کا ہدف دیا تھا، یوگنڈا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز سکور کیے۔
یوگنڈا کی بیٹنگ
افغانستان کے دیئے گئے 184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں یوگنڈا کی پوری ٹیم 16 ویں اوور میں 58 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئی۔
اننگز کے آغاز سے ہی یوگنڈا کی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور اوپنر رونک پٹیل 4، روجر مکاسا بغیر کوئی رن سکور کیے پویلین لوٹ گئے، سیمن سیسازی 4 اور دنیش نکرانی صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ الپیش رمجانی بھی کوئی رن سکور نہ کرسکے اور کیچ آؤٹ ہو گئے۔
بیٹر ریاض علی شاہ اور کپتان برائن اوبویا بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ رک سکے، ریاض علی نے 11 جبکہ کپتان برائن کوئی رن سکور نہ کرسکے، روبن سن اوبویا نے مزاحمت کرتے ہوئے 14 رنز بنائے اور آؤٹ ہو گئے جبکہ بلال حسن 8 اور ہینری سین یونڈو کوئی رن نہ بنا سکے تاہم کوسمس کیووٹا 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
افغانستان کی جانب سے پیسر فضل حق فاروقی نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 9 رنز دے کر 5 وکٹیں اپنے نام کیں، مجیب الرحمان 1 اور نوین الحق 2 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔
افغانستان کی اننگز
قبل ازیں یوگنڈا نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، یوگنڈا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے ٹیم کیلئے 154 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا، ابراہیم زدران نے ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 46 گیندوں پر 70 رنز سکور کیے۔
156 کے مجموعی سکور پر رحمان اللہ گرباز بھی پویلین لوٹے، انہوں نے 45 گیندوں پر 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے، افغانستان کی جانب سے نجیب اللہ زدران صرف 2 رنز سکور کر پائے جبکہ گلبدین نائب 4 اور عظمت اللہ اورامزئی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سٹار آل راؤنڈر محمد نبی 16 گیندوں پر 14 رنز اور کپتان راشد خان ایک گیند پر دو رنز بنا کر کریز پر موجود رہے۔
یوگنڈا کی جانب سے برائن مسابا اور کوسمس کیووٹا نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ الپیش رمجانی ایک وکٹ لے سکے۔
واضح رہے کہ افریقا سے نمیبیا کے بعد یوگنڈا دوسری ٹیم تھی جس نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔
دوسری جانب افغانستان کی ٹیم گزشتہ برس بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ میں شرکت کے علاوہ پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا جیسی ٹیموں کو بھی شکست دے چکی ہے۔