ورلڈ کپ: بھارتی شہریوں کی جانب سے غیرملکی شائقین سے بدسلوکی کے واقعات بڑھنے لگے

Published On 22 October,2023 05:03 am

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت میں جاری کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں بھارتی شہریوں کی جانب سے غیر ملکی شائقین سے غیر اخلاقی سلوک کے واقعات بڑھنے لگے ہیں۔

بھارت دنیا بھر میں اقلیتوں کیساتھ کیے جانے والے سلوک کی وجہ سے بدنام ہے لیکن متعصب بھارتی شہریوں کی بدسلوکی سے ورلڈ کپ کیلئے آنے والے غیر ملکی شائقین بھی محفوظ نہیں ہیں، دو روز قبل ہونے والے بھارت اور بنگلا دیش کے میچ کے دوران بھارتی شائقین نے بنگلا دیشی سپورٹر سے ان کا ٹائیگر چھین کر پھاڑتے ہوئے ان کی طرف اچھال دیا۔

اسی طرح کا ایک دوسرا واقعہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ہونے والے میچ کے دوران پیش آیا جہاں بھارتی شائق نے ایک پوسٹر اٹھا رکھا تھا جس پر کپتان بابر اعظم کیخلاف غیر اخلاقی تحریر درج تھی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وائرل ہونے والی پوسٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی شائق پاکستانی کرکٹرز اور فینز کو اکسانے کیلئے نامناسب پوسٹر لے کر آیا ہے۔

پوسٹر پر بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کو دکھایا گیا ہے جو پاکستانی کپتان بابر اعظم کو اپنی گود میں اٹھائے ہوئے ہیں جبکہ پوسٹر پر لکھا ہے کہ ‘باپ ہمیشہ باپ ہی ہوگا’۔

اسی میچ کے دوران بھارتی پولیس افسر نے ایک پاکستانی فین کو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے سے روکا تھا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاک آسٹریلیا میچ کے دوران سٹیڈیم میں ایک نوجوان پاکستانی ٹیم کی شرٹ پہنے بیٹھا ہوا ہے اور سامنے کھڑے پولیس اہلکار سے بحث کر رہا ہے کہ وہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ کیوں نہیں لگا سکتا۔

نوجوان کے ساتھ بیٹھا ایک دوسرا شخص یہ ویڈیو بنا رہا ہے جس میں بھارتی پولیس اہلکار نوجوان کو منع کرتا ہے کہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہ لگائے، اس پر نوجوان اس سے کہتا ہے کہ پاکستان کا میچ ہو رہا ہے، ہم پاکستان سے آئے ہیں تو پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگائیں گے تو اور کیا کہیں گے۔

بعدازاں نوجوان اپنا موبائل فون نکال کر پولیس اہلکار سے کہتا ہے کہ وہ کیمرے کے سامنے یہی بات کہے کہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگایا جا سکتا ہے، جس پر مذکورہ اہلکار اپنے افسر کو بتانے کا کہہ کر وہاں سے جانے لگتا ہے۔