لاہور : ( ویب ڈیسک ) پاکستان کی پانچ خواتین کرکٹرز ہانگ کانگ میں ہونے والے فیئر بریک انویٹیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ 2023 میں شرکت کریں گی۔
سابق انٹرنیشنل کرکٹر ثنا میر، سابق کپتان بسمہ معروف، آل راؤنڈر عالیہ ریاض، فاسٹ باؤلرز فاطمہ ثنا اور ڈیانا بیگ ٹورنامنٹ میں شریک ہوں گی جبکہ ایونٹ 3 سے 16 اپریل تک ہانگ کانگ میں منعقد ہوگا۔
اپنے تجربے اور ہمہ جہت صلاحیتوں کی وجہ سے ثنا میر سیفائرز کی قیادت کریں گی جبکہ ٹیم سپرٹ نے سابق کپتان بسمہ معروف کو جگہ دی ہے اور فاطمہ ثناء برمی آرمی ٹیم کے پیس اٹیک کو تقویت دیں گی۔
علاوہ ازیں آل راؤنڈر عالیہ ریاض اور فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ ٹورنیڈوز کی نمائندگی کریں گی۔
رپورٹس کے مطابق یہ پاکستانی کرکٹرز کے لیے بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور قیمتی تجربہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔
یہ پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کے لیے بھی ایک مثبت پیش رفت ہے کیونکہ عالمی مقابلوں میں شرکت کے مزید مواقع ملک میں کھیل کی ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔