پاکستان ورلڈ کپ کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیل سکتا ہے: وسیم خان

Published On 29 March,2023 04:09 am

لاہور : ( ویب ڈیسک ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے جنرل منیجر وسیم خان نے کہا کہ پاکستان ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے اپنے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر کھیل سکتا ہے۔

 وسیم خان نے  نجی ٹی وی کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان اپنے ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کھیل سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ پاکستان اپنے میچ بھارت میں کھیلے گا، مجھے لگتا ہے کہ ان کے میچز بھی بھارت کے ایشیا کپ کے میچوں کی طرح نیوٹرل وینیو  پر ہوں گے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ 2023 کے بارے میں غیر یقینی صورتحال گزشتہ سال اکتوبر میں شروع ہوئی تھی جب اے سی سی کے صدر اور بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا اور اس کے بعد سے ٹورنامنٹ کو کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس سلسلے میں ایشین کرکٹ کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس گزشتہ ماہ بحرین میں منعقد ہوا تھا لیکن کسی نتیجے تک پہنچنے میں ناکام رہا۔