لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان لاہور قلندرز کے خلاف کھیلے گئے کوالیفائر میں اپنی جرسی پر ٹیپ لگا کر میچ کھیلا۔
محمد رضوان جب کوالیفائر کے ٹاس کے لیے میدان میں آئے تو انہوں نے اپنی جرسی پر دائیں جانب ٹیپ لگا رکھا تھا، بعد ازاں جب رضوان بیٹنگ کے لیے آئے تو اس وقت بھی رضوان کی جرسی پر ٹیپ لگا نظر آیا جبکہ فیلڈنگ کے دوران بھی ان کی جرسی پر پوری اننگز کے دوران ٹیپ لگی رہی۔
رضوان کی جانب سے جرسی پر ٹیپ لگا کر میچ کھیلنے کی تصاویر سامنے آنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا اورمختلف سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔
محمد رضوان یا ملتان سلطانز کی انتظامیہ کی جانب سے جرسی پر ٹیپ لگا کر میدان میں اترنے کی وضاحت تو اب تک سامنے نہیں آ سکی ہے تاہم سوشل میڈیا پر اس قسم کی اطلاعات زیر گردش ہیں کہ محمد رضوان نے مبینہ طور پر ٹیم سپانسر پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے لوگو کو چھپایا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سٹیٹ بینک نے بھی پاکستان سپر لیگ کے میچز کے دوران کھیلوں میں سٹے کی ویب سائٹ اور کرپٹو کرنسی کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کو خط لکھا تھا۔