والد نے ذہنی طور پر مضبوط رہنا سکھایا ہے : اعظم خان

Published On 06 March,2023 01:11 am

راولپنڈی : ( دنیا نیوز ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹر اعظم خان نے کہا ہے کہ خوش ہوں میری جگہ فہیم اشرف نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کو جتوایا، کولن منرو نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بہترین شروعات دی لیکن پھر جلدی آوٹ ہوگئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم خان کا کہنا تھا کہ مجھے ماضی میں ایک طرفہ کھلاڑی کہا جاتا تھا، کوشش تھی کہ نئے سے نئے شاٹس سیکھوں اور کھیلوں، والد معین خان نے نئی شاٹس سیکھنے اور کھیلنے میں مدد دی، والد نے ذہنی طور پر مضبوط رہنا سکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا کراؤڈ شاندار تھا، پنڈی سٹیڈیم میں پچیں اچھی بنتی ہیں، شائقین کو تفریح ملتی ہے، اپنے نام کے نعرے گراؤنڈ میں لگیں تو اچھا محسوس ہوتا ہے، پاکستان کے لیے کھیلنے کا ہمیشہ سوچا ہے، میں حال کے بارے میں سوچتا ہوں، مستقبل کا نہیں سوچتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز احمد کے ساتھ بھائیوں والا تعلق ہے، گانے مستقبل میں بھی سامنے لاؤں گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے 21 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 2 وکٹوں سے شکست دی۔