سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور بابر اعظم کی حمایت میں سامنے آگئے

Published On 14 January,2023 11:17 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور نے کہا ہے کہ میری نظر میں بابر اعظم تینوں فارمیٹس کے بہترین کرکٹر ہیں، وہ ہر فائنل الیون کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں سابق انگلش کوچ نے کہا کہ شان مسعود ایک مضبوط شخص ہیں، ملتان سلطانز کی ٹیم میں شان مسعود نے کافی اچھی کپتانی کی، پی ایس ایل سے شان مسعود کی وائٹ بال کرکٹ کافی بہتر ہوئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فی الحال فرنچائز کی کوچنگ انجوائے کر رہا ہوں، پاکستان کی کوچنگ کا کوئی ارادہ نہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کو معلوم ہے میں فرنچائز میں مصروف ہوں اس لئے رابطہ نہیں ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ رنز بنانے کے کئی طریقے ہوتے ہیں، ہر طرح کے بیٹرز ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیل سکتے ہیں، فرنچائز ٹورنامنٹ کی وجہ سے چھوٹے ملکوں کی کرکٹ کافی بہتر ہوئی ہے۔