پلان جیت کا تھا، اوپر نیچے وکٹیں گریں تو پلان تبدیل کیا، بابر اعظم

Published On 06 January,2023 09:34 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ چائے کے وقفے کے بعد پلان میچ جیتنے کا تھا لیکن اوپر نیچے وکٹیں گریں اور پھر بعد میں نئی گیند لی گئی تو پلان تبدیل کیا اور ڈرا کی جانب گئے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ 4 وکٹیں گریں تو میچ بچانا مشکل تھا لیکن سعود شکیل اور سرفراز احمد اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کو جیت کی جانب لے گئے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم نے جیت کے لئے چانس نہیں لیا، نسیم اور ابرار نے نئی بال کے ساتھ مشکل وکٹ میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، 4 اوورز کھڑے رہنا دلیری کا کام تھا جس کا انہیں کریڈیٹ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ سیزن توقع کے مطابق نہیں رہا، جس طرح ہم کرکٹ کھیلتے آ رہے تھے امید تھی کہ ٹیسٹ سیزن اچھا ہوگا لیکن بدقسمتی سے ٹیسٹ سیزن شروع ہوا تو انجریز سامنے آگئیں جس سے کمبنیشن خراب ہوا اور نتائج ہمارے حق میں نہیں جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: ملتان ٹیسٹ میں ہم سے غلطیاں ہوئیں، آئندہ نہیں دہرائیں گے : بابر اعظم

ایک سوال کے جواب میں بابراعظم کا کہنا تھا کہ تنقید ہوتی رہتی ہے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کو اور خود کو تنقید سے دور رکھوں، اپ اینڈ ڈاؤن بھی ہوتا رہتا ہے لیکن ہمیں غلطیوں سے سیکھنا چاہیے، یہ نہیں کہا جاسکتا کہ پچز کی وجہ سے ہمیں شکست ہوئی۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کراچی میں کھیلا جانے والا سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کم روشنی کے باعث ڈرا ہوگیا، 319 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنا لیے تھے جس کے بعد خراب روشنی کے باعث میچ 3 اوورز قبل ہی ختم کردیا گیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 9 جنوری کو کراچی نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوگا۔